کولالمپور،2اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملائیشیائی حکومت نے بتایا ہے کہ اُس کے کسٹم حکام نے دارالحکومت کوالالم پور کے ہوائی اڈے پر دس ملین ڈالر سے زائد مالیت کے ہاتھی دانت اور پینگولین کی جلد کے سخت چمکدار چھلکے ضبط کر لیے ہیں۔ کسٹم حکام نے 76کلوگرام وزن کے 23 ہاتھی دانتوں کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔ یہ نائجیریا کے بڑے شہر لاگوس سے اتحاد ایئر لائنز کی ایک پرواز کے ذریعے کوالالم پور منتقل کیے گئے تھے۔ نایاب ہونے والی جنگلی حیات کے یہ اعضاء جعلی نام اور پتوں کے ذریعے اسمگل کیے جا رہے تھے۔ ملائیشیائی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ضبط کی گئی اشیاء کی منزل ملائیشیا ہی تھی یا کوالالم پور سے انہیں کہیں اور منتقل کیا جانا تھا۔